جئے پور،15؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کی گہلوت حکومت نے پڑوسی ریاستوں میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے کووڈ-19 ٹیسٹنگ سہولت مہیا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اتوار کی رات اعلان کیا کہ اگر ضرورت ہو تو اس مشکل وقت میں اتر پردیش، دہلی، مدھیہ پردیش، پنجاب، ہریانہ اور گجرات ہر روز 5000 ٹیسٹنگ راجستھان میں کر سکتے ہیں۔
اشوک گہلوت نے ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جولائی کے آخر تک ریاست کے سبھی ضلع اسپتالوں میں سلنڈر کی جگہ پائپ لائن کے ذریعہ سے آکسیجن کی فراہمی ہوگی۔ کورونا بحران پر تجزیہ کے لیے اتوار کو وزیر اعلیٰ رہائش پر منعقد ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں گہلوت نے کہا کہ جب ریاست میں شروع میں پہلے کووڈ-19 معاملوں کی رپورٹ آئی تھی تب ہماری ٹیسٹنگ صلاحیت صفر تھی۔ اب یہاں روزانہ 15 ہزار ٹیسٹنگ ہو رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں (راجستھان میں) ریکوری کی شرح قومی اوسط سے بہتر رہی ہے۔ ملک میں ریکوری اور ٹیسٹنگ سہولت کے معاملے میں راجستھان دوسرے نمبر پر ہے۔ یہاں ریکوری کی شرح 75 فیصد ہے۔ اتوار کی رات تک یہاں کل 598920 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اس کی تصدیق ایڈیشنل چیف ہیلتھ سکریٹری روہت کمار سنگھ نے کی ہے۔